اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے جہاں وہ قطر کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم امیر قطر تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاکستان اور قطر میں باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی قریبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک سیاسی، تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
یہ وزیر اعظم کا قطر کا دوسرا دورہ ہے، امیر قطر نے جون 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، امیر قطر کے دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا تھا، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر سے باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔