نواز شریف کی حالت بدستور ناساز، پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ جاری

Last Updated On 29 October,2019 12:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف سروسز ہسپتال لاہور میں 8 روز سے زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت بدستور ناساز ہے، پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، ڈاکٹرز مزید میگا کٹس لگانے سے متعلق فیصلہ نہ کرسکے۔

میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نواز شریف کا وزن 7 کلو گرام کم ہو گیا، نواز شریف کو سروسز ہسپتال لایا گیا تھا تو وزن 107 تھا، دو روز میں نواز شریف کا مزید 2 کلو وزن کم ہوا ہے، پلیٹ لیٹس میں بہتری نہ آنا بڑا چیلنج بن گیا ہے، پلیٹ لیٹس میں اضافہ ہی نواز شریف کی بہتری کی علامت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی تشخیص کے بارے میں میڈیکل بورڈ تذبذب کا شکار ہے، میاں نواز شریف کے سی بی سی ٹیسٹ کیلئے سیمپل لے لئے گئے جس میں ان کے پلیٹ لیٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔ گزشتہ روز میاں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 28 ہزار تک پہنچ گئے تھے، میاں نواز شریف کا آج آر ایف ٹی ٹیسٹ کیا جائے گا، گزشتہ آر ایف ٹی ٹیسٹ میں کریٹین اور یوریا کی ویلیوز زیادہ تھی۔