اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین جذبہ اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایران کے بعد سعودی قیادت کا خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہنا عمران خان کو بطور رہبرِ امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے، امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے، وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، مواصلاتی پابندیوں اور مسلسل لاک ڈاؤن سے آگاہ کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرفیو کو 73 روز ہوگئے، 80 لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں، وادی جنت نظیر جیل میں بدل چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ اور تنازعہ کے پرامن طریقے سے حل پر زور دیا، وزیر اعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔