اسلام آباد: (دنیا نیوز) حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تجارتی خسارے میں 35 فیصد کمی آئی ہے، حکومت نے معاشی بہتری کیلئے اخراجات کم کئے، گزشتہ تین ماہ سے سٹیٹ بینک سے کوئی قرض نہیں لیا، 5 لاکھ اضافی افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا معیشت کے حوالے سے مشکل فیصلوں سے بہتری آ رہی ہے، پاکستان نے دو بڑے خساروں پر قابو پالیا ہے، تجارتی خسارے میں 32 فیصد اور مالیاتی خسارے میں 36 فیصد کمی آئی ہے، سویلین حکومت کے اخراجات میں 40 ارب روپے کمی کی گئی، وزیراعظم آفس کے اخراجات میں بھی کمی کی گئی۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھا ریونیو میں 16 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات کے شعبے کو سبسڈی دی جا رہی ہے، ماضی میں ایکسچینج ریٹ کو ایک حد تک رکھنے کیلئے کئی ارب ڈالر ضائع کیے گئے، 3 ماہ سے ایکسچینج ریٹ میں استحکام آگیا ہے، باہر سے سرمایہ کاری کیلئے 340 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 5 سال میں برآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ جنوری تا اگست 3 لاکھ 73 ہزار افراد ملازمتوں کیلئے بیرون ملک گئے، یرون ملک ملازمتوں کیلئے جانے والوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد کا اضافہ ہوا، رواں سال 5 ہزار 500 ارب کے ٹیکس کا ہدف رکھا گیا ہے، گزشتہ 2 ماہ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری آئی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ یو اے ای حکام سے اقامہ کے غلط استعمال پر بات ہوئی ہے، دونوں ملکوں نے اقامہ ہولڈر کی معلومات شیئر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔