کرتارپور راہداری، دوسرے مرحلے کےپاک بھارت مذاکرات واہگہ میں جاری

Last Updated On 14 July,2019 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) کرتار پور راہداری کے بارے میں دوسرے مرحلے کے مذاکرات لاہور میں واہگہ کے مقام پر جاری ہیں۔ دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

دونوں فریق کرتارپور راہداری کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کیلئے معاہدے کے مسودے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کرتار پور راہداری کے بارے میں پہلا اجلاس چودہ مارچ کو ہوا تھا۔ پاکستان کی سرحد میں کرتار پور راہداری پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے، گوردوارہ کی عمارت کا 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، پاکستان نے سرحدی ٹرمینل اور شاہراہ کی تعمیر کاکام بھی مکمل کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ کرتاپور راہداری پر ستر فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، منصوبے کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان راہداری کو مقررہ وقت پر کھولنے کا خواہش مند ہے،مذاکرات کیلئے مثبت سوچ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔