کر تار پور دربار تا زیرو لائن 95 فیصد تعمیراتی کام مکمل

Last Updated On 08 June,2019 09:16 am

اسلام آباد: (الماس حید رنقوی ) کرتارپور کیلئے راہدری کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری، کر تار پور دربار سے بھارتی سرحد تک ساڑھے چار کلومیٹر روڈ کی تعمیر پر کام 95 فیصد مکمل ہوگیا جبکہ دریائے راوی پر ایک کلومیٹر پل کی تعمیر بھی مکمل ہو گئی ہے۔

دربار صاحب کمپلیکس پر بلڈنگ کا تعمیراتی کام مجموعی طو پر 70 فیصد مکمل ہوگیا، تزئین و آرائش کا کام جلد شروع ہوگا، سکیورٹی باڑ کا کام بھی شروع، جولائی تک تمام ترقیاتی کام مکمل ہونے کا امکان ہے جبکہ بابا جی گورونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریب کے موقع پر نومبر 2019 سے قبل تزئن وآرائش کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا ہے کہ چھلاواں، سرور، واش روم، دیوان استھان پر چھتیں پڑ چکی ہیں، واضح رہے 28 نومبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے کرتار پورراہداری کھولنے کا اعلان کیا تاہم بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے مذاکراتی عمل التواکا شکار نظر آتا ہے۔

بھارت میں نئی حکومت بن چکی ہے، امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بھارت بھی مثبت ردعمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنی سائیڈ پر تعمیراتی کام کو جلد مکمل کریگا اور نومبر سے قبل راہدری اور دربار صاحب سکھوں کی یاترا کیلئے دستیاب ہوگا۔