اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری پر 14 جولائی کو پاک بھارت مذاکرات ہونگے، واہگہ بارڈر پر دونوں ملکوں کے وفد میں ملاقات ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا وزیراعظم کے دورہ روس پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، روسی حکام سے رابطے میں ہیں، وزیراعظم عمران خان صدر ٹرمپ کی دعوت پر 21 جولائی کو امریکا جائیں گے، عمران خان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات 22 جولائی کو ہوگی، فرانس نے قیمتی 487 نوادرات پاکستان کے حوالے کر دیں، پاکستان نے کلبھوشن یادیو کیس بہترین لڑا، فیصلے پر بات نہیں کرسکتے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کشمیر پر اقوام متحدہ کی دوسری رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں، رپورٹ میں کمیشن آف انکوائری کے قیام کی سفارش کی گئی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔