کرتارپور راہداری تقریب میں نریندرا مودی کی شرکت کے اشارے ملے ہیں: نعیم الحق

Last Updated On 03 July,2019 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ اشارے ملے ہیں کہ کرتارپور راہداری کی پہلی سالگرہ کی تقریب میں نریندرا مودی بھی شریک ہوں گے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ حکومت اب ایک نئے انداز سے خارجہ پالیسی چلا رہی ہے۔ بیرون ممالک دوروں کا مقصد معاشی تعاون کا حصول تھا اور اس میں کامیاب بھی رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ کرتارپور راہداری کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ امید ہے کہ اس موقع پر نریندرا مودی بارڈر کراس کریں گے۔

نعیم الحق نے مزید کہا کہ پہلے افغان صدر اشرف غنی کو طالبان رہنماؤں سے ملاقات پر اعتراض تھا، اب نہیں ہے۔ افغانستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے انڈرسٹینڈنگ بن چکی ہے۔ بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا باعث اطمینان ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بشکیک میں عمران خان نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو مسئلہ کشمیر کی حقیقت سے آگاہ کیا۔ روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے اور وہ رواں سال کے آخر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔