کرتارپور راہداری منصوبہ، 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا: دفتر خارجہ

Last Updated On 09 April,2019 12:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کرتارپور راہداری منصوبے پر 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا، ٹرمینلز اور سڑکوں کی تعمیر پر خاطر خواہ کام ہوچکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کچھ معاملات پر تاحال اتفاق رائے نہیں ہے، ٹیکنیکل مذاکرات میں دریا پر پل کی تعمیر سمیت دیگر تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائےگا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا بھارت 5 ہزار سکھ یاتریوں کی روزانہ کی بنیاد پر آمد چاہتا ہے، پاکستان کیلئے ایک روز میں اتنے زیادہ یاتریوں کیلئے انتظامات کرنا مشکل ہیں، بھارت سکھ یاتریوں کی پیدل گوردوارہ دربار صاحب آمد کا خواہشمند ہے جبکہ پاکستان گاڑیوں کے ذریعے گوردوارہ دربار صاحب پہنچانے کا خواہشمند ہے۔