کراچی: (دنیا نیوز) مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی تبدیلی پی ٹی آئی کا خواب ہے، جادو سے ہٹائیں گے تو ناکام ہوں گے، وفاقی حکومت کے فور منصوبے سے پیچھے ہٹ گئی۔
مراد علی شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کراچی کیلئے 162 بلین دینے کا وعدہ کیا تھا، جب تک وفاق ساتھ نہیں دے گا کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا شہر میں 400 سے 500 ایم جی ڈی پانی آتا ہے لیکن شہر کی ضرورت 1200 ایم جی ڈی پانی ہے، سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں کی۔ جس کو تجربہ نہیں تھا وہ ملک کا وزیراعظم بن گیا اب عوام پر تجربے کیے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے ناظم آباد میں الجامعہ سیفیہ کا دورے کیا، مراد علی شاہ نے زیرتعلیم بچوں سے ملاقات کی اور الجامعۃ سیفیہ انسٹیٹوٹ کا دورہ بھی کیا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ شہید ملت روڈ پر زیر تعمیر انڈر پاس کا جائزہ لینے پہنچے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انڈر پاس کو اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔