اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آصف زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس میں مزید 13 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
جج نے استفسار کیا کیا آپ دونوں تفتیشی افسران ایک ہی ریمانڈ پر تفتیش نہیں کر سکتے ؟ جس پر تفتیشی افسران نے جواب دیا جیسے بھی عدالت کہے گی ہم کر لیں گے۔ جج نے پوچھا کیا نیب بتا نہیں سکتا اور کتنے کیسز میں زردرای کو گرفتار کرنا ہے ؟ جس پر سردار مظفر نے کہا جب کسی کیس میں ملزم کا کردار سامنے آئے گا تب ہی بتا سکیں گے، یہ پیشگی بتانا ممکن نہیں کہ کتنے کیسز میں گرفتاری ہو سکتی ہے۔
جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسے تو آپ 22 مقدمات میں ان سے تفتیش شروع کر دیں گے، ہر تفتیشی نے ایک ایک گھنٹہ بھی لیا تو دن میں 22 گھنٹے تفتیش ہوگی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا شفاف تفتیش بھی شفاف ٹرائل کا ہی حصہ ہے، نیب کو اپنی تفتیش شفاف طریقے سے کرنی چاہئے تھی۔