اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس این آر او دینے کا کوئی اختیار نہیں جبکہ مستقبل میں ان کیساتھ بیٹھنے کا کوئی امکان بھی نہیں ہے۔ ن لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے، عمران خان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی قوت سے اقتدار میں نہیں آئے، انھیں جمہوریت کی قدر نہیں ہے، انھیں احساس ہی نہیں کہ عوام کو کیا مشکلات ہیں۔ جو آسانی سے اقتدار میں آتا ہے، اسے جمہوریت کی اہمیت کا کیا پتا۔ سابق صدر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے چوٹ کھائی ہے، اب حالات ٹھیک ہونگے۔
آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس این آر او دینے کا اختیار ہی نہیں ہے، این آر او ہوتا تو میں یہاں بیٹھا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ممکنہ گرفتاری کی باتیں افواہیں ہیں، کان نہ دھریں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب والے اپنی استعداد کے مطابق مجھ سے سوال کرتے ہیں، ان کا میرے ساتھ رویہ عزت والا ہے، میں بھی نیب حکام کی عزت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر سٹینڈ بلاول بھٹو لیں گے، بلاول کی اپنی سوچ ہے، جیسے وہ کہیں گے ویسا ہی ہوگا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پرویز مشرف کی حکومت میں فرق وردی ہے، مشرف نے وردی پہنی تھی لیکن عمران خان نے وردی نہیں پہن رکھی۔