اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے تفتیش کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے آصف علی زرداری سے ایوان صدر کے لیٹر پیڈز کے غیر قانونی استعمال پر سوالات پوچھے اور کہا کہ یہ لیٹر پیڈ عبدالغنی مجید کے گھر کیسے پہنچے؟
اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں، یہ پیڈ وہاں کیسے پہنچے؟ مجھے لیٹر پیڈز کے غلط استعمال کا معلوم نہیں ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے غیر ملکی شہری ناصر عبداللہ سے دوستی کا اعتراف کیا تاہم کہا کہ وہ میرا فرنٹ مین نہیں، شاید عبدالغنی مجید کا ہو۔
ذرائع کے مطابق آصف زردرای سے کلفٹن بلاک 2 میں تعمیر کے لئے غیر قانونی رقوم جاری کرنے پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ نیب نے کلفٹن میں پلاٹ جی 2 کی پرانی مالکن شبنم بھٹو کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔ ان سے کے ڈی اے اور مختلف کمپنیوں سے مانگے گئے ریکارڈ کی روشنی میں مزید تفتیش ہوگی۔