اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی زیر قیادت پارلیمانی وفد بھی معزز مہمان سے ملا۔
وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل اصف غفور اور سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کو تحائف پیش کئے جن میں محمد بن سلمان کا پنسل سے بنایا پورٹریٹ اور گولڈ پلیٹڈ بندوق شامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بندوق خصوصی طور پر آرڈننس فیکٹریز واہ سے تیار کرائی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے والے 10 رکنی وفد میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، وزیر مملکت علی محمد خان، حکومتی ارکان عامر ڈوگر، شبلی فراز، اعظم سواتی اور اورنگزیب اورکزئی شامل تھے۔ اپوزیشن کی نمائندگی مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق اور مشاہد اللہ خان نے کی، پیپلزپارٹی کی شیری رحمان خراب موسم کے باعث کراچی سے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔