اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
پاکستان میں اپنے کامیاب دورے سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے۔ ہم آپ کی قیادت میں پاکستان کو بڑی معیشت دیکھ رہے ہیں۔ ترقی کے سفر میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان آئندہ سالوں میں بڑی معیشت بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی اپنا فرض سمجھتا ہوں۔
خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم وزیراعظم خان کی درخواست پر جاری کیا گیا۔
گزشتہ رات عشائیے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ جواب میں ولی عہد محمد بن سلمان نے 24 گھنٹے مکمل ہونے سے پہلے 2 ہزار 107 پاکستانیوں کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا۔
رہائی کا حکم وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر دیا گیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان اپنے آپ کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر قرار دے چکے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امید ہے باقی ماندہ پاکستانیوں کے بارے بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا، ہمارے لیے یہ بہت بڑی خبر ہے، بہت سے پاکستانی خاندانوں کی آج سنی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ولی عہد محمد بن سلمان کے بے حد شکرگزار ہیں، اس خیر سگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
ادھر وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے جملے نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے۔ عمران خان نے کہا گزشتہ رات عشائیے کے دوران میں نے معزز مہمان سے سعودی عرب میں موجود 25 لاکھ پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ جواب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ‘‘مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں’’ ہم پاکستان کے حالات کو نظر انداز نہیں کر سکتے ہیں جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔