لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے سروسز ہسپتال میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے والد کی خیریت دریافت کی اور کہا والد جلد واپس جیل جانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا نواز شریف کو بلڈ پریشر، شوگر، کڈنی، خون کی شریانوں اور دل کا امراض لاحق ہے، بیشتر بیماریوں کا علاج پاکستان میں ہوسکتا ہے۔
سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا لاہور کے سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز دوپہر کا کھانا لے کر ہسپتال پہنچی۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف واپس جیل جانا چاہتے ہیں، انکے ٹیسٹ ہو رہے ہیں حتمی فیصلہ میڈیکل بورڈ ہی کرے گا۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر، خواجہ عمران نذیر اور دیگر نے بھی سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی۔
پارٹی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی وزرا کے بیان سے ہمیں مزید تکلیف پہنچتی ہے، نواز شریف کو تشویش ہے کہ ملک روز بروز نیچے جا رہا ہے۔
سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ میڈٰیکل بورڈ نے اپنی تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں، نواز شریف کے دل کا علاج سروسز میں ممکن نہیں، دل کے علاج کیلئے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔