لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کا سروسز اسپتال میں چیک اپ جاری ہے، ڈاکٹروں نے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کے بعد سابق وزیراعظم کی حالت تسلی بخش قرار دے دی، مزید چیک اپ کے لئے چوتھا میڈیکل بورڈ آج دوبارہ معائنہ کرے گا۔
نوازشریف کے لئے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت ٹیسٹ کرنے کے بعد حالت تسلی بخش قرار دے دی۔ مزید معائنے کیلئےچوتھا میڈیکل بورڈ آج دوبارہ بیٹھے گا۔ میڈیکل بورڈ میں سرجن پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر کامران چیمہ اور ڈاکٹر ساجد نثار بھی شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ماہر امراض دل کو بلایا جائے گا، اس سے پہلے سابق وزیراعظم نواز شریف کے لئے تین میڈیکل بورڈ بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ میاں محمد نواز شریف کی کوٹ لکھپت سے سروسز ہسپتال آمد پر وی آئی پی روم تیار کیا گیا تھا۔ کمرے کو سب جیل قرار اور ایک ملازم رکھنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ ایک ڈی ایس پی، دو انسپکٹر اور 80 اہلکار ایک شفٹ میں سیکیورٹی کیلئے ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ سیکیورٹی کا اوورآل انچارج ایس پی ماڈل ٹاؤن علی وسیم کو مقرر کیا گیا ہے۔
قبل ازیں میاں نواز شریف سخت سیکورٹی حصار میں جیل سے ہسپتال پہنچے۔ میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے تین رکنی میڈیکل بورڈ کو تمام پرانی رپورٹس مہیا کر دی تھیں۔ گزشتہ روز میاں نوازشریف کے ہسپتال پہنچتے ہی انکی سموسوں، شامی اور سیخ کباب سے تواضع کی گئی تھی۔ یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں میڈیکل بورڈ کے طبی معائنے اور بعد ازاں رپورٹ میں ظاہر کیا گیا تھا کہ نواز شریف کو پیچیدہ مسائل درپیش ہیں اور میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔