گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سوچ ایک ہے، پاکستان سے لوٹے گئے پیسے لندن اور دبئی سے مل رہے ہیں، تیس سال اقتدار میں رہنے والوں کو کوئی اسپتال ہی پسند نہیں آ رہا۔
وزیر اطلاعات کا اپنے دھواں دار خطاب میں کہنا تھا کہ سچی بات ہے غریب اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے، امیراورغریب کے لیے ایک قانون بنانے تک حکومت کا مشن مکمل نہیں ہو گا، غریبوں کا برا حال ہوتا ہے، جب تک نواز شریف، آصف زرداری، خواجہ سعد کیساتھ عام لوگوں جیسا سلوک نہیں ہوتا ہم کامیاب نہیں ہو سکتے۔
فواد چودھری نے سابق وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کو آج پاکستان کے اسپتالوں میں علاج کرانا پڑ رہا ہے، نوازشریف تیس سال اقتدار میں رہے اور آج اسپتال پسند نہیں آ رہے، نواز شریف، شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق کو جس طرح جیل میں سہولت ہے، آدھے پاکستانی کہیں گے جیل میں ڈال دو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ ہم حاجیوں کو سبسڈی نہیں دے رہے، آپ نے چھوڑا کیا ہے جو ہم حاجیوں کو سبسڈی دیں، وزیر اعظم، وزیر کوئی عیاشیاں نہیں کر رہے، پوری حکومت اپنے آپ کوجوابدہ سمجھتی ہے، شہباز شریف نے گیارہ دفاتر بنائے ہوئے تھے، جاتی امرا کی دیوار پر 27 کروڑ لگایا۔
فواد چودھری نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا حال جیل میں ہونے والی نمازکا ہے، قاتل نمازپڑھا رہا ہوتا ہے تو پیچھے سارے چور ہوتے ہیں، اپوزیشن والے پہلے ہی ایک تھے اب باضابطہ طور پر اکٹھے ہو گئے۔