لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور کے ریجنل بورڈ نے رمضان شوگر ملز کیس کی منظوری دیدی، ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملزحمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد ہیں، ریفرنس چیئرمین نیب کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔
ترجمان نیب کے مطابق نیب لاہور کے ریجنل بورڈ کا ڈائریکٹر جنرل نیب شہزاد سلیم کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں بڑے میگا کیسز کے ریفرنس فائل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ ریجنل بورڈ نے رمضان شوگر ملز کیس کی منظوری دیدی، ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملزحمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد ہیں۔
ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام ہے، ریفرنس حتمی منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کرنے کےاحکامات جاری کر دئیے گئے۔ ریفرنس چیئرمین نیب کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔
دوسری جانب سابق پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم ملزم فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں ، اجلاس میں ریجنل بورڈ کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کیخلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنیکی منظوری دیدی گئی، ملزم فواد حسن فواد پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، بورڈ میٹنگ میں ملزم علی جہانگیر صدیقی اور دوسرے ڈائریکٹر کیخلاف ایزگارڈ نائن کمپنی کیس میں جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کرنیکی منظوری دیدی گئی۔
علی جہانگیر صدیقی اور ڈائریکٹر پر مبینہ طور پر کم و بیش 11 ارب روپے کے غبن کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی جی نیب لاہور شہزد سلیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیب میں "پسند نا پسند" سے مبرا ہو کر تمام تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے، نیب کا عزم لوٹی گئی عوامی دولت کی واپسی اور "شفاف پاکستان" کا قیام ہے، تمام میگا کرپشن کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔