لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نوازشریف کوکوٹ لکھپت جیل سےسروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نوازشریف کی سروسز ہسپتال منتقلی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
سروسز ہسپتال کا 3 رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا معائنہ کرے گا۔ سروسز ہسپتال میں میاں نواز شریف کے علاج کے لیئے کمرہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم کو وی آئی پی کمرے میں رکھا جائے گا جبکہ سروسزہسپتال کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی کچھ دیر تک پہنچ جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نواز شریف کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ٹیسٹ سروسز ہسپتال میں ہوں گے، سینئر پروفیسرز کی رپورٹ پر نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب تک ٹیسٹ مکمل نہیں ہوتے وہ ہسپتال میں ہی رہیں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹ میں ظاہر کیا کہ نواز شریف کو پیچیدہ مسائل درپیش ہیں، میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی جس پر لاہور کے سروسز ہسپتال میں خصوصی انتظامات کئے گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو کسی بھی وقت ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔