اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے پولیس کی خالی اسامیوں پر بھرتی شروع کرنے اور پانچ لاکھ افراد کو صحت کارڈ کی سہولت دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں کی ترقی کے لئے وہاں فوری طور پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ انضمام شدہ علاقوں میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
وزیراعظم نے فاٹا کے ضم ہونے والے علاقوں میں فوری طور پر پانچ لاکھ افراد کو صحت کارڈ کے اجراء کی ہدایت کی اور کہا جنوری کے آخر تک صحت کارڈ کی فراہمی کا عمل شروع کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان علاقوں کو قومی دھارے میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قبائلی علاقوں کے عوام دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تحریک انصاف کی حکومت ان علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔