راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان نے آرٹلری کور میں اے 100 راکٹ شامل کر لیا جو سو کلومیٹر کے اندر دشمن فوج کی صفوں میں تباہی مچا سکتا ہے۔ آرمی چیف کہتے ہیں کہ توپخانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
پاک فوج کی آرٹلری کور میں اے 100 راکٹ شامل، خصوصی تقریب میں آرمی چیف کی شرکت، پاک فوج کی روایتی جنگ لڑنے کی صلاحیت کو مزید موثر بنانے کا عزم۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے 100 راکٹ پاک فوج کے توپ خانے کی روایتی صلاحتیوں میں مزید اضافہ کرے گا۔ پاکستان کی دفاعی صنعت نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اے 100 راکٹ میں ملٹی پل لانچ سسٹم سے فائر کیا جا سکتا ہے اور سو کلومیٹر کی حد تک دشمن فوج کی صفوں میں تباہی مچا سکتا ہے۔ جدید راکٹ پاکستانی سائنسدانوں اور انجیئنرز کی شب و روز کی محنت کا نتیجہ ہے۔