56 کمپنی سکینڈل میں پیش رفت، نیب نے 7 کروڑ 13 لاکھ سرکار کو جمع کرا دیئے

Last Updated On 22 November,2018 12:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب 56 کمپنی سکینڈل میں پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے 16 کروڑ 72 لاکھ روپے ریکورکر کے حکومتی نمائندوں کو دے دیئے، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے مطابق 4 ارب روپے ریکور کر لئے ہیں۔

پنجاب 56 کمپنیز سکینڈل میں لوٹنے والوں سے ریکوری کے بعد سرکاری خزانے میں جمع ہونا شروع ہو گئے، نیب لاہور میں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے مزید 16 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے ریکور کر کے حکومتی اداروں کے نمائندوں کو چیک دیدئیے۔

نیب ترجمان کے مطابق وصول کنندگان میں لاہور پارکنگ کمپنی 7 کروڑ 13 لاکھ مالیت کا چیک حوالے کیا گیا، کمپنی کے ساتھ ہونیوالے معاہدے میں نجی بینک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان سے 4 کروڑ 52 لاکھ روپے کا چیک متعلقہ حکام کے حوالے کیا۔ نیب ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کے نمائندے کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے حکام نے 90 لاکھ 35 ہزار مالیت کا چیک وصول کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ نیب لاہور سال 2018 میں ملزمان سے 4 ارب سے زائد کی ریکارڈ وصولی کر چکا ہے اور لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے لیکر خزانے میں جمع کروا رہے ہیں، نیب تمام کیسز کو میرٹ کی بنیاد پر دیکھتا ہے۔

شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ بہت سارے کیسز میں ہونیوالی کرپشن کی نشاندہی ہو چکی ہے، مزید بھی لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے ریکور کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائیں گے۔