اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین قران وسنت کے تابع ہے، ہم پاکستان کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے۔
فواد چودھری کا پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بارے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحمل وبردبادی ریاست کا فرض ہے، ہم تشدد سے بچنا چاہتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ایسا موقع کبھی نہ آئے لیکن، میری دھرنے اور احتجاج کرنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، پاکستان کی ریاست اور فوج کمزور نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام صورتحال کو مدنظر رکھ کر اپنی تقریر کی اور ریاست کی ترجمانی کی، تمام مسلمان عاشق رسول ﷺ ہیں، وزیراعظم کے عشق رسول ﷺ کا یہ عالم ہے کہ وہ ننگے پاؤں مدینہ پاک کی سرمین پر اترتے ہیں اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیتے ہیں۔
فواد چودھری نے بتایا کہ اپوزیشن کیساتھ ملاقاتیں حوصلہ افزا ہیں، اپوزیشن نے دو فوکل پرسن مقرر کر دیئے ہیں، دھرنے سے متعلق ہماری کوشش ہو گی کہ مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔