اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے پاکستان کے لوگوں نے ہمیں احتساب کے لیے ووٹ دیا، ہم نہ تو احتساب کا عمل روک سکتے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی سودے بازی کریں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے، تاہم کتنا پیسہ ملنا ہے؟ یہ معاملہ چل رہا ہے، بارہ ارب ڈالرہمیں چاہیں، آئی ایم ایف کیساتھ ساتھ دوست ممالک سے امداد بھی آپشن ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پہلی سہ ماہی میں اخراجات میں کمی اور مالیاتی خسارہ کم ہوا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی، ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، اگر معیشت کو بہتر کرنا ہے تو شفاف نظام لانا ہو گا۔
فواد چودھری نے بتایا کہ سعودی عرب میں رواں ماہ سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیرِاعظم عمران خان شرکت کیلئے جا رہے ہیں، یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس کانفرنس میں 23 سے 25 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کے معاہدے ہوں گے۔
ایک سوال کا جوان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ کے اگلے سیشن میں نیب قوانین کو موثر بنانے پر بات ہو گی۔