این آر او کی سب نے درخواستیں بھیجی ہیں، فواد چودھری کا دعویٰ

Last Updated On 29 October,2018 08:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ این آر او کی سب نے درخواستیں بھیجی ہوئی ہیں، اپوزیشن کے تمام کیسز کو اگر روک دیں تو ان کے لیے سب ٹھیک ہو جائے گا۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام ”محاذ“ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان درویش اور پاکستان کے لیے بیسٹ آدمی ہیں، وزیراعظم بہت محنت کر رہے ہیں، سب کو پتا ہے عمران خان اپنی ذات نہیں بلکہ ملک کے لیے کام کریں گے۔ عثمان بزدار ہو یا میں، عمران خان کی وجہ سے ہمیں طاقت ملی، ورنہ ہم کچھ نہیں ہیں، کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے، یہ فیصلہ کپتان کا ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے بارے بتایا کہ میں 1993ء سے سیاست میں حصہ لے رہا ہوں، سیاست میں اتار چڑھاؤ دیکھا ہے، مجھے عمران خان نے بہت اعتماد دیا، کپتان تگڑا ہو تو ٹیم بھی تگڑی ہو جاتی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی ہسٹری ہے اور فوج کا ایک رول رہا ہے، میاں صاحب جی ایچ کیو کی پیداوار ہیں، وہ تو کونسلر کا الیکشن بھی ہار گئے تھے، نواز شریف سمیت بہت ساروں کو لیڈر بنایا گیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ اٹھارویں ترامیم کے بعد وزیراعلیٰ کے پاس بہت سارے اختیارات ہیں، عثمان بزدار میڈیا کے لیے اجنبی ہیں، جس کو میڈیا نہیں جانتا اسے فارغ کر دیتا ہے، عثمان بزدار تمام ایم پی ایز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں لیکن ان کی کارکردگی بارے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ این آر او کی سب نے درخواستیں بھیجی ہوئی ہیں، اگر تحریک انصاف مُک مُکا کی سیاست کرتی تو اقتدار میں نہ آتی، اپوزیشن کے تمام کیسز کو اگر روک دیں تو ان کے لیے سب ٹھیک ہو جائے گا، پراسیکویشن ہماری ہے، اگر این آر او دینا ہوگا تو ہم ہی دیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے تمام اداروں میں اپنے لوگوں کو لگایا، ایسے نظام کو بہتر کرنا آسان تھوڑی ہے، نواز شریف نے ملین ڈالر بنائے اور بچوں کو تیار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کا برا حال ہے، اگر اداروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اپوزیشن شور مچاتی ہے، پی آئی اے، سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی خسارے میں ہیں۔ بارہ ارب ڈالرکا گیپ ہے، ڈاکو جب سارا سامان لے کر جاتے ہیں تو حالات خراب ہو جاتے ہیں، ہم ڈاکوؤں کا پیچھا بھی کر رہے ہیں اور گھر کو بھی چلا رہے ہیں۔