اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ کرپٹ نظام کیخلاف ہے، جن بیوروکریٹس نے حکومتی احکامات پر عمل نہیں کرنا وہ گھر چلے جائیں۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ اںصاف کا مینڈیٹ کرپٹ نظام کیخلاف ہے، اس لیے عوام نے ہمیں ووٹ دیا، ہم نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، بیوروکریسی کو ہمارے احکامات پر عمل کرنا ہوگا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری واضح لائن ہے کہ حکومتی پالیسیوں پر بیوروکریسی نے عمل کرنا ہے، جو بھی احکامات نہیں مانے گا وہ گھر جائے گا، جن بیوروکریٹس کو حکومت سے اختلاف ہے وہ حکومت سے الگ ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں لیکن اپوزیشن چاہتی ہے کہ ملک کے لوٹے ہوئے پیسوں کا حساب نہ لیا جائے اور سب مل کر کرپشن یونین بنائیں لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا اور تسلسل سے جاری رہے گا۔