کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت کے پلاٹ پر قبضہ کے معاملہ پر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے توپوں کا رخ عارف علوی ہی کی جانب موڑتے ہوئے کہا ہے کہ شک ہے کہ کیا وہ واقعی صدر صاحب کا پلاٹ تھا؟ اگر انہی کا پلاٹ تھا تو چالیس سال تک خاموش کیوں رہے؟
صدرِ مملکت عارف علوی کے پلاٹ پر قبضے کا معاملہ دنیا نیوز نے اٹھایا تو سندھ حکومت کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ کراچی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے شک کا اظہار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک صدر کی خاموشی دال میں کچھ کالا ثابت کر رہی ہے۔ انھیں شک ہے کہ کیا واقعی صدر مملکت عارف علوی کا پلاٹ تھا؟ اگر انہی کا پلاٹ تھا تو چالیس سال تک خاموش کیوں رہے؟
مرتضیٰ وہاب یہیں نہیں رکے بلکہ پروٹوکول معاملے پر بھی تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے قول وفعل میں تضاد ہے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سوشل میڈیا پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے پلاٹ پر قبضے کو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں۔