کراچی: ( روزنامہ دنیا) صدر مملکت عارف علوی نے قومی ایئر لائن کے بجائے نجی ایئر لائن سے کراچی کا سفر کیا مگر ایئر پورٹ سے پروٹوکول نہ لینے کا دعویٰ کرنیوالے عارف علوی 42 چمچماتی گاڑیوں کے قافلہ میں روانہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پروٹوکول نہ لینے اور سرکاری طیارے سے سفر نہ کرنے کے دعوے دعوے ہی ثابت ہوئے۔ صدر مملکت نجی ایئر لائن کی عام پرواز سے کراچی ضرور پہنچے لیکن انہیں اولڈ ٹرمینل کے وی وی آئی پی لاؤنج سے محمد علی سوسائٹی ان کی رہائش گاہ لیجا نے والے قافلے میں 42 گاڑٰیاں شامل تھیں اور اس دوران شارع فیصل سمیت تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی تھیں جو ان کے گزرنے کے بعد کھولی گئیں۔
تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا وضاحت میں کہنا تھا صدر کا پہلے 16 گاڑیوں کا پروٹو کول ہوا کرتا تھا الحمداللہ اس کو 3 کر چکے ہیں اس کے بعد کون کون ان کو لینے آ رہا ہے یہ علیحدہ سٹوری ہے، صدر کی نجی پرواز سے کراچی آمد کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صاحب سے پوچھنا پڑے گا، شاید فلائٹ کا ٹائم مختلف ہوگا، پی آئی اے بھی ہماری ہے اور ان شا ئاللہ پی آئی اے بھی نئی بنائی جائیگی۔
صدر کا استقبال کرنے کیلئے گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت صوبے کی دیگر اہم شخصیات بھی اولڈ ٹرمینل پہنچی تھیں۔ صدر آج شام کو عمائدین شہر سے ملاقاتیں کرینگے۔ قبل ازیں صدر عارف علوی اپنی اہلیہ کے ساتھ عام پرواز سے کراچی پہنچے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف کی سکیننگ مشین پر سامان انہوں نے خود سکین کرایا، ایئر پورٹ پر اپنا سامان خود اٹھایا اور کراچی کے لیے بورڈنگ کارڈ بھی قطار میں کھڑے ہوکر وصول کیا۔