کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں صدر عارف علوی کے شاہانہ پروٹوکول سے شاہراہ فیصل پر ٹریفک کافی دیر بلاک رہی جس پر شہری اذیت کا شکار نظر آئے۔ ایک شہری پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا اور ٹریفک کھلوا دی جس پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے، کراچی میں صدر پاکستان کے پروٹوکول کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک بلاک ہونے پر شہری ٹریفک پولیس اہلکاوں سے الجھ پڑا، پولیس نے الٹا شہری پر ہی پرچہ کاٹ دیا، تبدیلی کے وعدے ہوا ہوئے، پروٹوکول نہ رکھنے والے پروٹوکول کےعادی نکلے، گزشتہ رات صدرمملکت کے عظیم الشان قافلے نے شہریوں کو رلا دیا، شارع فیصل کی بندش پر شہری نے ٹریفک پولیس کا دماغ ٹھکانے لگا دیا۔
اس دوران شہری اور ٹریفک پولیس اہلکار میں تلخ کلامی بھی ہوئی، شہری نے پولیس اہلکاروں سے توں توں میں میں کرنے کےبعد ٹریفک خود ہی کھلوادیا، پولیس اہلکار منہ تکتے ہی رہ گئے۔متاثرہ شہری کے ایکشن پر پولیس بھی ایکشن میں آئی اور شہریوں کو اکسانے پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ درج کر دیا۔