کراچی: (دنیا نیوز) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری دی، صدر مملکت کے ہمراہ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور صوبائی وزیربلدیات سندھ سعید غنی بھی تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مزار قائد آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ڈاکٹرعارف علوی نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، صدر پاکستان نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
یاد رہے صدر مملکت عارف علوی اپنی اہلیہ کے ساتھ عام پرواز سے کراچی پہنچے۔ صدر کا استقبال کرنے کیلئے گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت صوبے کی دیگر اہم شخصیات بھی اولڈ ٹرمینل پر موجود تھیں۔ صدر آج شام عمائدین شہر سے ملاقاتیں کرینگے۔