آزاد کشمیر: ممبران اسمبلی کا بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا مطالبہ

Last Updated On 26 September,2018 09:20 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) قومی اور صوبائی اسمبلی کے صوابدیدی فنڈز کے خاتمے کی طرح آزاد کشمیر کے ممبران اسمبلی نے بھی صوابدیدی فنڈز ختم کرنے اور بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کے معاملہ پر زیر بحث آنے والے نقطہ اعتراض پر ممبران اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوابدیدی فنڈز اکثر ضرورت کے بجائے سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہوتے ہیں اور ممبران کی توجہ قانون سازی کے بجائے فنڈز کے حصول کی طرف رہتی ہے۔

حکومت اور اپوزیشن دونوں بنچوں کے ممبران کا صوابدیدی فنڈز کے خاتمے کی حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ترقیاتی عمل کے لیے بلدیاتی انتخابات کے ذریعے مقامی حکومتوں کو باختیار بنایا جائے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ 27 سال سے بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں ہو سکے ہیں جس کے باعث بلدیاتی اداروں کا نظام مفلوج ہے جس کی وجہ سے چھوٹی ترقیاتی سکیموں کی بڑی رقم ضرورت اور میرٹ کے بجائے سیاسی رشوت کے طور پر تقسیم ہو جاتی ہے اور عام شہری اس کے ثمرات سے محروم رہتا ہے۔