کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بچوں کے اغواء کی وارداتوں پر اپوزیشن جماعتوں کا سندھ اسمبلی سے علامتی واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے امن وامان کیلئے مختص بجٹ میں اضافہ کے باوجود عوام محفوظ نہیں ہیں۔
بچوں کے اغوا کی وارداتوں کی سندھ اسمبلی میں بھی گونج، اجلاس شروع ہوتے ہی متحدہ اراکین نے معاملے پر بات کرنا چاہی لیکن سپیکر آغا سراج درانی کی جانب سے اجازت نہ مل سکی جس پر ایم کیو ایم نے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا تو دیگراپوزیشن ارکان بھی ایوان سے چلے گئے۔
متحدہ اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت نے امن و امان کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا لیکن شہری محفوظ نہیں ہیں۔ تحریک انصاف کے اراکین کا کہنا تھا کہ سٹریٹ کرائمز بڑھ رہے ہیں، بچوں کے اغوا پر خاموش نہیں رہیں گے۔
گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رکن رفیق بھانبھن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ایک سال کرپشن کرے اور ایک سال کام کرے۔