فیصل آباد: (دنیا نیوز) تھانہ کلچر بہتر بنانے اور ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے لیے فرنٹ ڈیسک سسٹم پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے مگر ملازمین کو اب تک سروس اسٹرکچر نہیں ملا اور نہ ہی انہیں مستقل کیا گیا۔
پنجاب بھر میں تھانہ کلچر میں تبدیلی کے دعوے کے ساتھ گریجوایٹس کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرکے فرنٹ ڈیسک بنائے گئے۔ جس میں محرر تھانہ کی ذمہ داریوں سمیت سائلین کے ساتھ خوشگوار انداز میں پیش آنا اور ریکارڈ کو آن لائن کرنا فرنٹ ڈیسک ملازمین کی ڈیوٹی میں شامل ہے۔ شہری بھی مقدمات کے آن لائن سسٹم اور فرنٹ ڈیسک ملازمین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔
ابتدائی طور پر ضلع فیصل آباد کے 41 تھانوں میں سے 23 تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنائے گئے۔ فرنٹ ڈیسک ملازمین کا ڈھائی سال کا کنٹریکٹ ختم تو ہوا مگر ملازمین کے لیے سروس اسٹرکچر بنا اور نہ ہی مستقل بنیادوں پر بھرتیاں شروع ہوسکیں۔ ترجمان آر پی او کا کہنا ہے کہ فرنٹ ڈیسک ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی۔
اعدادوشمار کے مطابق فرنٹ ڈیسک کے لیے بھرتی کیے جانے والے 160 میں سے درجنوں ملازمین تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور دیگر مراعات کی عدم فراہمی کے باعث نوکریوں کو خیرآباد کہہ چکے ہیں۔