کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے بیوٹی پارلر سے دلہن کے مبینہ اغواء کے معاملے کا ڈراپ سین، پولیس نے مبینہ مغوی لڑکی کا سابق منگیتر کیساتھ فرار کا شبہ ظاہر کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے اگر نکاح نامہ پیش کردیا گیا تو کیس خارج ہوجائے گا۔
کراچی میں پے در پے اغواء کی وارداتوں نے پریمی جوڑے کو آئیڈیا دے دیا۔ پیر کی رات نارتھ ناظم آباد کے بیوٹی پارلر سے دلہن کے اغواء کے معاملے پر پولیس کو یہی شک ہے۔ تفتیش کار کا کہنا ہے کہ مبینہ مغوی لڑکی قرۃ العین پر اپنے سابق منگیتر علی کے ساتھ فرار ہونے کا شبہ ہے۔ لڑکی کے لواحقین کیجانب سے علی اور دیگر 3 افراد کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
پولیس کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق دونوں کورٹ میرج کرچکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک لڑکی یا لڑکے کیجانب سے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا، نکاح نامہ سامنے آیا تو والدین کیجانب سے دائر کیس ختم ہوجائے گا۔ تاہم پولیس درج مقدمہ کے تناظر میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔