منی لانڈرنگ اسکینڈل، اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد

Last Updated On 22 September,2018 06:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی ہدایت پر اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے، اومنی گروپ نے بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

اربوں روپے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اہم پیش رفت، ایف آئی اے کی ہدایت پر اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے۔ بینک اکاؤنٹس میں 33 کروڑ سے زائد رقم موجود ہے، اکاؤنٹس منجمد ہونے سے اومنی گروپ کے ادارے مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔

اومنی گروپ نے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے بینکنگ کورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے کی ہدایت پر نیشنل بینک، سمٹ بینک اور سندھ بینک نے اکاؤنٹس منجمد کر دیے، مذکورہ اکاؤنٹس کا تعلق اداروں کے مالی لین دین سے ہے۔ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے اداروں کی کروڑوں کی ادائیگیاں اور وصولیاں رک گئی ہیں۔

اومنی گروپ کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے اداروں کے شدید مالی بحران کا شکار ہونے کا خدشہ ہے، ایف آئی اے کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے جواب طلب کرتے ہوئے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔