فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کراچی کی صدارت سے مستعفی

Last Updated On 22 September,2018 11:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف میں پھوٹ پڑگئی، کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ انصاف ایکشن کمیٹی کے نام سے نیا دھڑا سامنے آگیا۔

کراچی میں تحریک انصاف کا قلعہ ہلنے لگا، بغاوت کے جھٹکے دراڑوں کا روپ دھارنے لگے۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی صدارت سے مستعفی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر سندھ کے مسائل پر توجہ دینا چاہتا ہوں، پارٹی کی صدارت نہیں سنبھال سکتا۔ فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ارسال کردیا ہے۔

دوسری طرف ایم کیوایم کی طرح پاکستان تحریک انصاف کے بھی دھڑے بننے لگے ہیں۔ پی ٹی آئی کا نیا دھڑا انصاف ایکشن کمیٹی کے نام سے سامنے آگیا۔ نئی نئی بننے والی ایکشن کمیٹی نے خالی کرسی پر قبضہ کرنے کے لیے انصاف ہاؤس میں اجلاس کر ڈالا۔ باغی گروپ کی قیادت سبحان ساحل، سابق سینئر نائب صدر اسرار عباسی اور حافظ فضل کریم کر رہے تھے۔

اسرار عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں حقیقی قیادت نظرانداز اور مصنوعی قیادت کو ترجیح دی گئی۔ انصاف ہاؤس کسی کی ملکیت نہیں، آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے بغیر اجازت انصاف ہاؤس میں اجلاس بلانے پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔