بھارت کا پاکستان سے مذاکرات سے انکار اندرونی مسائل کے دباؤ کا نتیجہ

Last Updated On 23 September,2018 10:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مذاکرات سے بھارتی انکار کی وجوہات سامنے آگئیں، بھارتی انکار اسکے اندرونی مسائل کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔

ذرائع کے مطابق، کشمیرمیں انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کی رپورٹ پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھارتی جرائم کو بے نقاب کیا گیا ہے، کلبھوشن یادیو، احسان اللہ احسان کے اقبالی بیان بھارتی دہشتگردی کا ثبوت ہیں۔

ذرائع کے مطابق، بھارت میں اس وقت ہندو دہشتگردی عروج پر ہے، ہندو دہشتگردی کو "سیفران ٹیررازم " کا نام دیا جاتا ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی زور پکڑنے سے بھی بھارت بوکھلا گیا۔ مودی سرکار کو اندرونی طور پر بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا ہے۔ بھارت نے پیلٹ گن سے ہزاروں نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا، اقوام متحدہ نے معاملے کو سنجیدہ قرار دیکر سنگین خلاف ورزی قرار دی۔

پیلٹ گن سے 6 ہزار کشمیری بینائی سے متاثر ہوئے، بھارت رواں سال 150 کے قریب کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے، سکیورٹی کونسل کی رکنیت کے خواہشمند بھارت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں۔ راہول گاندھی کا کہنا ہے مودی نے فرانس سے خریدے گئے رافیل جیٹس پر کمیشن کمایا، ہمیں یقین ہے بھارتی وزیراعظم کرپٹ ہیں۔