لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری، اے این پی کے وفد نے اسفند یار ولی کی قیادت میں ملاقات کر کے اظہار تعزیت کیا- اسفند یار ولی کہتے ہیں کہ سیاست سے نواز شریف کا کردار ختم کیا گیا تو بدقسمتی ہو گی، کالا باغ ڈیم کے خلاف ہیں کوئی آرٹیکل 6 لگاتا ہے تو لگا لے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے بیگم کلثوم نواز کی سیاسی جدوجہد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ جنازے کے دن ملک سے باہر تھا اس لیے نہیں آسکا، ملک میں چند ہی خواتین ایسی پیدا ہوئی جنہوں نے آمریت کے خلاف لڑائی لڑی۔
اسفند یار ولی کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط جمہوریت کے لیے مسلم لیگ اور نواز شریف کا ہونا ضروری ہے۔ اگر میاں صاحب کا سیاست میں رول نہ ہوا تو پاکستان کی بدقسمتی ہو گی۔ ہم چاہتے ہیں انتقال اقتدار کے ساتھ ساتھ انتقال اختیار بھی ہو، اگر میرے پاس اختیار نہ ہوتے تو میں کبھی وزیراعظم نہ بنتا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس دن عمران سیاست میں آیا سیاست سے شائستگی ختم ہوگئی۔ عمران خان کو وزیراعظم نہیں مانتا عمران خان منتخب نہیں سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔
سربراہ اے این پی نے مزید کہا کہ ہم ڈیموں کے مخالف نہیں، ڈیم اور چیز ہے کالا باغ ڈیم اور چیز ہے۔ ہم کالا باغ ڈیم کے مخالف ہیں جو آرٹیکل 6 لگاتا ہے لگا لے۔
افغانیوں کو پاکستان شہریت دینے کے معاملے پر اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد پار کرنے والوں کو شہریت بھی دی گئی اور اقتدار بھی آخر مغربی سرحد سے آنے والوں کو شہریت سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے۔