اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں نئے ڈیمز کی قرارداد منظور کر لی گئی، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے چندا جمع کرنا احسن اقدام قرار دے دیا۔
رکن قومی اسمبلی ن لیگ خواجہ آصف نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پانی کا مسئلہ سیاسی نہیں 22 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، معاملے کو سیاست کی نذر نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2018 میں چاروں صوبوں نے واٹر پالیسی پر دستخط کیے تھے، واٹر پالیسی میں بھاشا اور مہمند ڈیم پر اتفاق ہوا ہے، واٹر پالیسی میں کسی اور ڈیم کا ذکر نہیں ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا 150 ارب بھاشا ڈیم پر خرچ ہو چکا ہے، 122 ارب بھاشا ڈیم کی زمین پر خرچ ہوا ہے اور یہ 9 سال میں بنے گا، ڈیم کو تنازعہ مت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا چندا جمع کرنا احسن اقدام ہے، مریض کو جتنی مرضی خون کی بوتلیں لگا لیں جب تک اسکا خون بہنا بند نہیں ہوگا وہ ٹھیک نہیں ہوگا، پانی کی بچت کی عادت ڈالنی ہوگی۔