عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا وزیراعظم کی نئی رہائشگاہ کا دورہ

Last Updated On 18 August,2018 04:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی نئی رہائشگاہ کا دورہ کیا، ان کی نئی رہائشگاہ 2 کمروں پر مشتمل ہے۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کل بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس منتقل ہوں گے، عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں ملٹری سیکرٹری کی رہائشگاہ میں رہیں گے، وزیراعظم ہاؤس میں ملٹری سیکرٹری کی رہائشگاہ کو بنگلہ نمبر ایک کہا جاتا ہے، بنگلہ نمبر ایک اس سے قبل وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کی رہائش گاہ تھی۔

وزیراعظم کی رہائشگاہ 4 کنال پر مشتمل ہے جس کے آگے اور پیچھے لان ہے وزیراعظم کی رہائشگاہ میں 5 بیڈ رومز، ایک ڈرائننگ اور ایک ڈائننگ ہے۔ رہائشگاہ میں فرنیچر وزیراعظم کی پرانی رہائشگاہ سے منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی رہائشگاہ میں فرنیچر اور رنگ و روغن کا کام آج مکمل ہو جائے گا، ملٹری سیکرٹری وزیراعظم کے سیکرٹری کے بنگلے میں منتقل ہو گئے۔

بشریٰ بی بی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقتدارکی کرسی آنی جانی چیز ہے، اللہ نے ہم پر ملک کی بہت بڑی ذمے داری ڈالی ہے، آج میں خوش نہیں ڈری ہوئی ہوں۔ انہوں نے عمران خان کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ ہے، عمران خان کا مقصد صحت، تعلیم کے نظام کو بہتر کرنا ہے، انشااللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔