اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کو تمام جماعتوں نے مسترد کر دیا ہے کیونکہ بے ضابطگیوں کی فہرست طویل اور باعث شرمندگی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہنا تھا کہ قومی اسمبلی عوام کی امنگوں کا گہوارہ اور ایک سپریم ادارہ ہے، مجھے اس کا رکن بننے پر فخر ہے۔ ہم تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر ہم ایوان کا وقار بلند کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے دوران احتجاج پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج ان کا جمہوری حق ہے لیکن عوام ایوان میں تماشا پسند نہیں کرتے، جو تماشا دو بڑی جماعتوں نے کیا اس نے پوری قوم کو مایوس کیا۔
انہوں نے عمران خان کو وزیرِاعظم کا انتخاب جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کسی مخصوص جماعت کے نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کے وزیرِاعظم ہیں، مجھے اُمید ہے کہ وہ ماضی کی نفرت انگیز سیاست کو دفن کر کے آگے بڑھیں گے، اگر وزیرِاعظم نے اگر عوام کے مسائل کو اپنا مقصد بنایا تو پیپلز پارٹی ساتھ دیں گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عمران خان کے ماضی کے بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو چینلج کا سامنا ہے، آپ زندہ لاشوں کے وزیرِاعظم ہیں اور ان کے بھی جنھیں آپ نے گدھے اور جانور کہا
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی بے ضابطگیوں کی فہرست طویل اور باعث شرمندگی ہے، تمام جماعتوں نے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ فارم 45 کا نہ نکلنا، آر ٹی ایس سسٹم کا فیل ہونا اور پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکالنا شرمندگی کا باعث ہے، ہم پارلیمانی کمیشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے سانحہ مستونگ اور پشاور کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ الیکشن کے دوران دہشتگرد حملوں کی تحقیقات کی جائیں۔