اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب اراکینِ قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایوان میں بیٹھ کر ایشوز پر بات کرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے زیرِ صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔
نئے منتخب اراکین قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے کام کریں گے، پیپلز پارٹی ایوان میں بیٹھ کر ایشوز پر بات کرے گی۔
اجلاس خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ جمہوریت کے دائرے میں رہنا ہے اور حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ جمہوریت کا نقصان ملک کا اور ہمارا نقصان ہو گا۔ ہماری برداشت بڑھے گی اور ہم برداشت کے راستے پر چلیں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کے پارلیمنٹ میں ہم بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پارلیمنٹ کے اندر مسائل کے حل پر سیاست کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی قربانیوں کی وجہ سے پارلیمنٹ میں حلف لیں گے۔