ننگرپارکر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاؤل بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوٹرن خان پنجاب سے امپورٹڈ پیر اور کٹھ پتلی اتحاد کو الیکشن میں شکست ہوگی۔
ننگرپارکر میں کارکنان سے خطاب میں سربراہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جہاں بھی گیا عوام نے شاندار استقبال کیا، میری پہلی انتخابی مہم ہے، اب پارٹی شروع ہو رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کا منشور ہمیشہ عوام دوست رہا ہے، اقتدار میں آکرعوام کے مسائل حل کروں گا، اپنے لیے نہیں عوام کیلئے اقتدار چاہتا ہوں۔ہماری جنگ بیروزگاری، غربت اور ظلم کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کٹھ پتلی سیاست چل رہی ہے، پیپلزپارٹی کیخلاف کٹھ پتلی اتحاد بنائے جاتے رہے، سندھ کےعوام ہر قسم کی سازش کو سمجھتے ہیں۔ یوٹرن خان کو الیکشن میں شکست ہوگی، پنجاب سے امپورٹڈ پیر اور کٹھ پتلی اتحاد کو بھی ہرائیں گے، ایک طرف سندھ کی محبت دوسری طرف سندھ توڑنے کا نعرہ؟ عوام ایسے رہنماؤں کو مسترد کردیں۔ سندھ کے عوام نے ہمیشہ کٹھ پتلی اتحاد کو شکست دی ہے۔ ہم عوام کی طاقت سے وفاق میں حکومت بنائیں گے، ہم اقتدار میں آکر جمہوریت کا دفاع کریں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ابھی بہت سارا کام کرنا ہے اور خود کروں گا، گالم، گلوچ، نفرت کی سیاست پریقین نہیں رکھتا۔