پشاور، نوشہرہ میں بارش ، متعدد علاقے زیر آب

Last Updated On 23 July,2018 03:42 pm

پشاور (دنیا نیوز ) پشاور اور نوشہرہ میں فجر کے وقت ہونے والی بارش نے بیشتر علاقوں کو ڈبو دیا، حیات آباد برساتی نالے میں مویشیوں کو بچانے کیلئے کشتیاں چلانی پڑیں، پبی کے بیشترعلاقے بھی زیر آب آگئے،

ریسکیو کا عملہ کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقام منتقل کرنے میں مصروف ہے۔ نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے گڑھی احمد خان علی بیگ وزیر کلے گڑھی قاسم پانی میں ڈوب گئے۔ سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری طورپر ان علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور سو کے قریب افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ علاقوں میں منتقل کر دیا۔ کچھ ایسی ہی صورتحال پشاور میں بھی دیکھنے میں آئی جہاں سیلاب تو نہیں آیا لیکن بی آر ٹی کیلئے کھودے گئے گڑھے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

بارش کا پانی چلڈرن ہسپتال میں بھی داخل ہوگیا۔ حیات آباد برساتی نالے میں طغیانی سے سیلابی پانی قریبی جھونپڑیوں میں داخل ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے کشتیوں کے ذریعے مویشیوں کو سیلابی ریلے سے بچایا۔