لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں 20 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کم بارش کے باوجود متعدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 30 ملی میٹرتک بارش برس چکی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ مقامی نظام کی وجہ سے شروع ہوا ہے۔
ادھر پولنگ والے دن 25 جولائی کو مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، میانوالی، اٹک، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں باران رحمت ہوگی۔
مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، رواں ہفتے میں بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں، بلوچستان کے متعدد شہروں میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔