لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ آسمان پر گہرے بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اتوار تک لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ روز لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل ہوگیا۔ شیر گڑھ و گردونواح میں طوفانی بارش سے محلہ صدیق نگر کے رہائشی محنت کش لیاقت علی مستری کے مکان کی چھت گر گئی جس سے اسکی 7 سالہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر اوکاڑہ میں ریفر کر دیا گیا۔
گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ سے مری، نتھیا گلی روڈ بند ہو گئی، سیاح بھی پھنس گئے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سلسلہ چار روز تک جاری رہے گا، ڈائریکٹر میٹ ڈاکٹر خالد محمود کے مطابق جس طرح کی بارش ہم توقع کر رہے ہیں اس سے شہروں میں سیلاب کا امکان ہے اور جو نشیبی علاقے ہیں، وہاں پانی زیادہ آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان ڈویژن، خیبر پختونخوا میں مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، فاٹا، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔