راولپنڈی میں علی الصبح موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

Last Updated On 18 July,2018 01:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں علی الصبح موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تاہم شہر میں پہلے سے رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باعث متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے صورتحال پر قابو پالیا۔

 حکام کے مطابق راولپنڈی میں مجموعی طور پر 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، تاہم واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بروقت اقدامات سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔

ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ کسی جگہ کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا، نالہ لئی کے قریب رہائشیوں کو معمول کے مطابق الرٹ کیا جاتا ہے، ترجمان کے مطابق نالہ لئی میں پانی سطح 16 فٹ سے بلند ہونے پر سیلاب کا خدشہ ہوتا ہے تاہم حالیہ کے بعد سب سے زیادہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ تک پہنچی۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ جبکہ نالہ لئی کے اطراف بھی واسا سٹاف موجود ہے۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج سے اتوار تک لاہور، گوجرانوالہ ،اسلام آباد، فیصل آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گوج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔