کراچی: ( دنیا نیوز) کراچی میں آج شدید گرمی کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات نے تین روز کے لیے ہیٹ ویو وارننگ جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے منگل، بدھ اور جمعرات کو شہر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کر دی۔ سمندری ہوائیں بند اور درجۂ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تین روز تک شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ لو چلنے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دنوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 اعشاریہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد رہا۔
محمکہ موسمیات کےمطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23، قلات میں 17، دالبندین اور پنجگور میں 28، جیونی میں 29، پسنی میں 31 تربت 35، لسبیلہ اور نوکنڈی میں 30 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبے میں آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم خشک رہنے کا امکان ہے۔