چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں طلب کیا جائے: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 09 May,2018 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے نیب کو سیاسی جماعتوں کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا، چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں طلب کیا جائے، ایک ہفتے میں 7،7 اور روزانہ تین، تین پیشیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نیب کی وجہ سے ملک میں جو حالات پیدا ہو رہے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، تمام معاملات میں انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف کے خلاف نیب کی عدالتوں میں جس طرح سے کیس چل رہا ہے، وہاں سے انصاف کی توقع نہیں ہے، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا 8 مئی کو نیب نے پریس ریلز جاری کی، جس میں نواز شریف اور دیگر کے خلاف 4.9 ارب روپے بھارت بھیجنے کے الزام کی تحقیقات کا کہا گیا، ایسی چیزیں ملک کی بے عزتی کا باعث بن رہا ہے۔